بیلتھنگڈی یکم مئی (ایس او نیوز)دھرمستلا کے قریب ایک سنسان علاقے میں نامعلوم شخص کی جلی ہوئی لاش بر آمد ہوئی ہے جس کے بارے میں شبہ کیا جارہا ہے کہ شاید اس کو قتل کرنے کے بعد نذر آتش کیا گیا ہوگا۔
کہتے ہیں کہ دھرمستلا سے کوکاڈا جانے والی سڑک پر ایک سنسان علاقے میں کسی کے جلے ہوئے جسم کے باقیات برآمد ہوئے ہیں۔جس کی عمرکے بارے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ وہ 30تا40سال ہوگی۔سمجھا جارہا ہے کہ اس شخص کو کسی اورمقام پر قتل کرنے کے بعد آس پاس کے علاقے کی پوری طرح جانکاری رکھنے والے لوگوں نے ہی لاش کواس سنسان جگہ پرجلایا ہے۔ پولیس کویہ بھی شبہ ہے کہ لاش کو جلانے کے لئے اس پر کوئی آتش گیر سیال چھڑکا گیا ہے ، کیونکہ لاش جہاں جلائی گئی ہے اس کے اطراف زمین کا کافی بڑا حصہ جل گیا ہے۔لیکن پولیس کو اس معاملے میں تا حال کوئی ٹھوس ثبوت ہاتھ نہیں لگا ہے اور نہ ہی مہلوک کی شناخت کے بارے میں کوئی بات معلوم ہوئی ہے۔
جنوبی کینر ا کے ایس پی بھوشن گلاب راؤ بوراسے،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رویش، سرکل انسپکٹرناگیش کدری، ایس آئی راما نائک اور فارنسک جانچ کے ماہرین نے موقعۂ واردات پرپہنچ کر معائنہ کیا اور قتل کاکیس درج کرنے کے بعددھرمستلا پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔